ملتان(سپورٹس ڈیسک)سابق قومی کپتان اور عصر حاضر کے ٹاپ کمنٹیٹرز میں سے ایک رمیز راجہ نے پاکستانی اوپننگ بیٹسمین فخر زمان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ میں موجود خامیوں سے نجات کیلئے محدود اوورز کے کینگرو کپتان آرون فنچ سے سیکھنے کی کوشش کریں کیونکہ انہیں اپنی بیٹنگ کو ایک نئے لیول پر لے جانے کیلئے اپنا آف سائیڈ کا کھیل بہتر بنانا پڑے گا۔ فخر زمان کے بیٹ کا زاویہ اور اسٹرانگ باٹم ہینڈ انہیں لیگ کی طرف کھیلنے پر اکساتا ہے جو مڈ وکٹ یا لانگ آن پر بڑے اسٹروکس کھیل سکتے ہیں مگر لانگ آف پر چھکا مارنے سے بھی قاصر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کا خاتمہ نہیں کیونکہ وہ سخت محنت کے ساتھ اپنی خامیوں کا ازالہ کر سکتے ہیں لیکن انہیں سیدھی گیندوں پر کراس دی لائن شاٹس کھیلنے سے گریز کرنا ہوگا جس کی وجہ وہ اکثر ایل بی ڈبلیو یا بولڈ ہونے کے خطرے سے دوچار رہتے ہیں۔