انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی آئندہ سال پاکستان آمد کا امکان

Oct 10, 2020

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر غور شروع کردیا۔ انگلش ٹیم کے متحدہ عرب امارات سے 5 دن کیلئے پاکستان آنے کا امکانات روشن ہونے لگے، انگلینڈ کی ٹیم جنوری کے آخر میں یو اے ای میں موجود ہوگی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے پاکستان میں 3 ٹی ٹونٹی کھیلنے پر غور جاری ہے۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کرکٹرز نے انگلش کرکٹ بورڈ سے جوابی دورہ کرنے کیلئے آوازیں اٹھائی تھیں۔ زمبابوے کرکٹ بورڈ کا 5 رکنی سکیورٹی وفدکل 11اکتوبر کو ملتان پہنچے گا، تین ون ڈے کیلئے سٹیڈیم میں تیاریاں شروع کردی گئیں۔ پانچ رکنی وفد جس میں دو ہیلتھ آفیسر، ایک سکیورٹی آفیسر اور دو زمبابوے کرکٹ بورڈ کے ارکان شامل ہیں، 10 اکتوبرکواسلام آباد پہنچ جائے گا جہاں اعلیٰ حکام سے ملاقات کے بعد ملتان آئے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم 20 اکتوبر کر پاکستان پہنچ جائے گی جہاں ان کا کرونا ٹیسٹ ہوگا جبکہ 26 اکتوبر کو ٹیم ملتان پہنچے گی اور 28 اکتوبرکو نیٹ پریکٹس کرے گی، ڈومیسٹک کرکٹ کی طرح انٹرنیشنل سیریز بھی بند دروازوں اور تماشائیوں کے بغیر کھیلی جائیگی۔ اکتوبر اور نومبر میں زمبابوے کیساتھ 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی 20 میچز ملتان اور راولپنڈی سٹیڈیمز میں کھیلی جائے گی۔ ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 3 ٹی ٹونٹی میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔زمبابوے سکواڈ کے 2 کرونا وائرس ٹیسٹ کیے جائیں گے، ایک ٹیسٹ ہرارے میں روانگی سے قبل 48 گھنٹوں کے دوران کیا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد کیا جائیگا۔

مزیدخبریں