چین امریکہ تجارتی جنگ سے پاکستان کوفائدہ اٹھانا چاہیے :احمد جواد

اسلام آباد (این این آئی) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان، بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل فیڈرل چوہدری احمد جواد نے کہا ہے چین امریکہ تجارتی جنگ سے پاکستان کوفائدہ اٹھانا چاہیے ،اس سلسلے میں چین کی بڑی مارکیٹ سے استفادہ کیلئے پاکستان جو کی پیداوار میں خصوصی اضافہ کرنا چاہئے دیگر مصنوعات کے علاوہ، چین میں جو کی مقامی سالانہ پیداوار دس لاکھ ٹن ہے جبکہ اس کی ضروریات اس سے کہیں زیادہ ہیں، چین کی بڑی درآمدی مارکیٹ پاکستان کے زرعی شعبہ کیلئے ترقی کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔  احمد جواد نے کہا کہ چین کی جو کی درآمدات 500  ملین ڈالر سے زیادہ ہیں اس لئے پاکستان کو چاہئے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جو کی مقامی پیداوار کے فروغ کیلئے اقدامات کرے تاکہ چین کو جو برآمدکر کے زرمبادلہ کمایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں صرف کاشتکاروں کو احساس دلانا چاہئے کہ جو کی پیداوار سے وہ اپنی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے دوسرے مرحلہ میں زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کو شامل کیا گیا ہے جس سے پاکستان میں زرعی پیداوار کے فروغ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چین ایک بڑی درآمدی منڈی ہے اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ سے نہ صرف پاک چین دوطرفہ تجارت کے خسارہ کو کم کیا جاسکتا ہے بلکہ دونوں ملک سی پیک سے بھی حقیقی استفادہ کرسکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن