چین امریکہ تجارتی جنگ پاکستان کوفائدہ اٹھانا چاہیے ،احمد جواد

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان، بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل فیڈرل چوہدری احمد جواد نے کہا ہے چین امریکہ تجارتی جنگ سے پاکستان کوفائدہ اٹھانا چاہیے ،اس سلسلے میں چین کی بڑی مارکیٹ سے استفادہ کیلئے پاکستان جو کی پیداوار میں خصوصی اضافہ کرنا چاہئے دیگر مصنوعات کے علاوہ، چین میں جو کی مقامی سالانہ پیداوار دس لاکھ ٹن ہے جبکہ اس کی ضروریات اس سے کہیں زیادہ ہیں، چین کی بڑی درآمدی مارکیٹ پاکستان کے زرعی شعبہ کیلئے ترقی کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہ پاکستان کو چین کو جو برآمد کرنے کیلئے اپنی پیداوار میں اضافہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں جو کی کھپت مقامی پیداوار سے کہیں زیادہ ہے اور چینی آبادی جو پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے جس کی وجہ سے مقامی ضروریات پوری کرنے کیلئے جو درآمد کرنے پڑتے ہیں۔ احمد جواد نے کہا کہ چین پاکستانی جو کی بڑی درآمدی منڈی ثابت ہو سکتا ہے تاہم اس کیلئے جو کی مقامی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان میں جو کی پیداوار 63 ہزار رہی ہے اور 1970 سے 2019 کے دوران پیداوار میں مسلسل کمی کا رجحان رہا ہے۔ احمد جواد نے کہا کہ چین نے امریکہ چین تجارتی تنازعات کی وجہ سے آسٹریلیا سے جو کی درآمدات موخر کر دی ہیں کیونکہ آسٹریلیا نے حالیہ کشیدگی کے دوران جنوبی چینی سمندروں میں امریکہ اور بھارت کے ساتھ مل کر بحری مشقوں میں حصہ لیا تھا۔ احمد جواد نے کہا کہ چین کی جو کی درآمدات 500  ملین ڈالر سے زیادہ ہیں اس لئے پاکستان کو چاہئے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جو کی مقامی پیداوار کے فروغ کیلئے اقدامات کرے تاکہ چین کو جو برآمدکر کے زرمبادلہ کمایا جا سکے۔ 

ای پیپر دی نیشن