چیف جسٹس پاکستان نے کراچی میں پانی کی قلت ختم کرنے کے لئے بڑے احکامات جاری کردیئے۔

 چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو حکم دیا ہے کہ شہر کے جس علاقے میں پانی کی قلت ہے اسے فی الفور حل کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ، ڈی ایچ اے ، ایم ڈی واٹر بورڈ و دیگر حکام نے شرکت کی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کی خبر پرچیف جسٹس برہم ہوگئے اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی سخت سرزنش کرتے ہوئے حکم دیا کہ ڈی ایچ اے سمیت شہر بھر میں پانی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کنٹونمنٹ انتظامیہ نے اعلی عدلیہ کے ججز کے گھروں کیلئے خصوصی لائنیں بچھانے کی پیشکش کی، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف ہمارے گھروں کو پانی نہیں چاہیئے، شہر میں جہاں جہاں پانی کی قلت ہے ختم کی جائے اور سپریم کورٹ کی زیرِ تعمیرعمارت کیلئے سیوریج لائن کا مسئلہ بھی فی الفور حل کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن