صہیب مقصود ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ سے آؤٹ ، شعیب ملک شامل 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)صہیب مقصود کمر کی انجری کے باعث پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اور فزیو کلف ڈیکن نے کچھ دیر قبل صہیب مقصود کی انجری کا جائزہ لیا اور انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ صہیب مقصود پیٹھ کے پیٹھ کے نچلے حصے میں ایم آر آئی سکین میں انجری ظاہر ہونے کے بعد آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔اس سے قبل 6 اکتوبر کو نیشنل ٹی20 کپ میں ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں صہیب کی کمر میں تکلیف ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ سینٹرل پنجاب کیخلاف میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔اس کے بعد ان کا ایم آر آئی سکین کیا گیا تھا جس کی رپورٹ خراب آنے پر بلے باز کو ورلڈ کپ سکواڈ میں نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور اب انہیں آرام اور انجری سے بحالی کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔34 سالہ مڈل آرڈر بلے باز پانچ سال کے وقفے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے بعد سے اچھی فارم میں تھے اور انہوں نے دوہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔اس کے بعد انہوں نے ملتان سلطانز کو اس سال پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے میں بھی مدد دی تھی جس میں 12 اننگز میں انہوں نے پانچ نصف سنچریاں سکور کیں اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ صہیب مقصود کا ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہونا افسوسناک ہے، انہوں نے اس ایونٹ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ بننے کیلئے بہت محنت کی تھی جس کا ہمیں احساس ہے لیکن انجریز کھیل کا حصہ ہوتی ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ صہیب مقصود انجری سے بحالی کا عمل مکمل کرنے کے بعد جلد دوبارہ قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ ٹیم سے مشاورت کے بعد ہم نے ان کی جگہ شعیب ملک کو قومی سکواڈ میں شامل کرلیا ہے جن کا تجربہ قومی سکواڈ کیلئے بہت کارگر ثابت ہو گا۔شعیب ملک نے 2007 ء میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی جبکہ وہ 2009 ء ورلڈ کپ کی فاتح قومی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔اس کے علاوہ انہوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی20 ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔قومی سکواڈ میں شامل تمام ارکان کے آرائیول کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی جس کے بعد سکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت دیدی گئی ہے۔قومی سکواڈ آج سے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کرے گا جبکہ کل پیر اور منگل کو قومی سکواڈ کے ٹریننگ سیشنز ایل سی سی گراؤنڈ لاہور میں منعقد ہوں گے۔قومی سکواڈ 14 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں سینیریو میچ کھیلے گا ۔ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی سکواڈ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا اور پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اگست کو بھارت کیخلاف کھیلے گا۔اس سے قبل پاکستان 18 اور 20 اکتوبر کو بالترتیب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کیخلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گا۔

ای پیپر دی نیشن