شہریوں کی تکالیف، مسائل کا حل اولین ترجیح :آئی جی پنجاب

لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے کہاہے کہ شہریوں کی تکالیف اور مسائل کا بروقت حل اور انکی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ میری اولین ترجیح ہے لہٰذا پولیس فورس پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے رویوں میں واضح تبدیلی لائیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ 15پر موصول کالز پر فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے اورشریف شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کا مظاہرہ کیا جائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پرائم منسٹر پورٹل (پی ایم ڈی یو) شہریوں کے مسائل کا ازالے کا اہم پلیٹ فارم ہے لہذا پی ایم ڈی یو سے آنے والی ہر شکایت اور درخواست پر متعلقہ افسران بلا تاخیر کاروائی کو یقینی بناکر متعلقہ شہری کو ریلیف فراہم کریں جبکہ غیر ذمہ داری کی صورت خود کو سخت محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں ۔  انہوں نے مزیدکہاکہ مکمل شفاف اور غیر جانبدار احتسابی عمل میری ترجیحات میں شامل ہے لیکن کسی افسر یا اہلکار کو60دنوں سے زائد معطل ہرگز نہ رکھا جائے ،سزا یا بحالی کا فیصلہ مقررہ وقت کے اندر ہونا چاہئیے اگر معطل شدہ افسر یا اہلکار گناہ گار ہے تواسے کسی صورت محکمے کا حصہ نہیں ہونا چاہئیے ۔ یہ ہدایات آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس کے دورن صوبے کے تمام آ ر پی اوز اور ڈی پی اوز کوجاری کیںجبکہ اٹھارہ پوائنٹس پر مبنی احکامات اور تفصیلی پرفارمے بھی انکو بھجوا دئیے گئے ہیں جن کی بنیاد پر ریجنز اور اضلاع میں آپریشنز ٹیموں کی کارکردگی کو جانچا جائے گا ۔

ای پیپر دی نیشن