لاہور (سٹی رپورٹر) لاہور جنرل ہسپتال شعبہ امراض چشم کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد معین اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ صدیق میاں نے طویل عرصہ علاج اور کامیاب آپریشن کے بعد پیدائشی طور پر آنکھوں کی پتلیوں کے سرطان میں مبتلا 2سگی بہنوں کو اندھیروں کی دنیا سے نکال کر روشنی دے دی اور اب یہ دونوں اپنی آنکھوں سے مکمل طور پر دیکھ سکتی ہیں۔ اس حوالے سے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے انتہائی حساس نوعیت کے کامیاب آپریشن پر پروفیسر محمد معین اور اْن کی ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی سیکٹر میں سرطان کی اس بیماری میں مبتلا افراد کی سرجری پر کم و پیش 20لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں جو موجودہ حکومت کی پالیسی کے تحت ایل جی ایچ میں انہیں مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔