ایک سال پرانی ہے‘ ریمبو کا عائشہ کیساتھ نازیبا ویڈیو کا اعتراف

Oct 10, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ) گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کے مقدمے میں گرفتار ملزم ریمبو سمیت 8 ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ریمبو نے عائشہ اکرم کے ساتھ نازیبا ویڈیوز کا اعتراف کر لیا۔ عائشہ اکرم کے ساتھی ریمبو سمیت 8 ملزموں کو ضلع کچہری کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ یہ ہائی پروفائل معاملہ ہے۔ مختلف ویڈیوز اور دیگر چیزیں برآمد کرنی ہیں۔ عدالت تفتیش مکمل کرنے کے لئے جسمانی ریمانڈ دے۔ ملزموں کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ملزمان تو ہمیشہ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ رہے۔ ویڈیوز موجود ہیں کہ ریمبو سمیت دیگر نے ٹک ٹاکر کی جان بچائی۔ ریمبو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور میری ٹیم کو بے گناہ گرفتار کیا گیا ہے۔ عائشہ اکرم نے مجھ سے کہا کہ جتنے بھی ملزم پکڑے فی کس پانچ پانچ لاکھ لیں گے۔ میں نے اسے کہا پیسے کے پیچھے نہ بھاگو اپنے کیس کی پیروی کرو میں اس پلان کا حصہ نہیں بنا۔ عائشہ نے مجھے دھمکی لگائی جو کہتی ہوں وہ کرو۔ نہ کیا تو جیل کی ہوا کھلائوں گی۔ میری اور عائشہ کی غیر اخلاقی تصویر اور ویڈیو ایک سال پرانی ہیں۔ میں پہلے بھی آگاہ کر چکا ہوں۔ لڑکی کی رضامندی کے بغیر کچھ نہیں ہو سکتا، ہمارے درمیان جو کچھ ہوا اور جو بھی رشتہ تھا باہمی رضا مندی سے تھا۔
ریمبو/ ریمانڈ

مزیدخبریں