کراچی(کامرس رپورٹر)ٹڈاپ نے آٹو پارٹس و ایسیسریز کی عالمی نمائش آٹو مکینکا جوہانسبرگ میں پاکستان پویلین لگانے کا فیصلہ کیا ہے ْتفصیلات کے مطابق آٹو مکینکا جوہانسبرگ 15 تا 18 مارچ 2022 تک جاری رہے گی،چار روزہ بین الاقوامی آٹو پارٹس و ایسیسریز نمائش میں شرکت کی خواہشمند پاکستانی کمپنیوں کوپاکستان پویلین میں سبسڈی پر اسٹالز بھی فراہم کیے جائینگے۔نمائش میں شرکت کی خواہشمند پاکستانی کمپنیاں سبسڈی کے ساتھ محض ایک لاکھ40ہزار روپے میں اسٹالز حاصل کرسکیں گی جبکہ براہ راست شرکت کے اخراجات 6لاکھ89ہزار روپے کے لگ بھگ ہیں،کمپنیاں 14اکتوبر تک ٹڈاپ کو درخواستیں جمع کراسکتی ہیں،ایونٹ میں پاکستا ن سمیت امریکا، جاپان، چین، فرانس، جرمنی، برطانیہ، ہنگری،روس،انڈونیشیا،ملائیشیا،جنوبی افریقہ،ترکی اور آٹو انڈسٹری میں نمایاں مقام رکھنے والے دیگر ممالک کی نامور کمپنیاں شریک ہوں گی۔