سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی خواہش پر کوئی تعیناتی نہیں ہوگی. فیصلے میرٹ پر ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے. ملک میں مہنگائی، غربت اور بھوک سے لوگوں کا برا حال ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 15 نومبر سے پہلے فیصلے ہوں گے، آنے والے فیصلے میرٹ پر ہوں گے. امید ہے ذمہ داران میرٹ پر فیصلے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف ایسے وزیراعظم ہیں جن کے پلگ میں بھی کچرا پھنسا ہوا ہے. سب کو کہتا ہوں ملبہ پولیس یا سیکیورٹی فورسز پر نہیں کسی اور پر گرے گا، اہم دن ہوگا، لوگ پہاڑوں سے اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے اتنے بدبودار کپڑے ہیں کہ کوئی اتارے گا ہی نہیں، شہبازشریف کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی کال کی منتظر ہے، تاخیر کی گنجائش نہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس سے بڑا کیا عدم اعتماد ہے کہ کراچی میں لوگ چوراہوں پر مارے جارہے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے شہر میں دہی کی دکانوں پر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے. پاکستان تاریخ کے تشویشناک وقت سے گزر رہا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ڈرون سے بم گرائیں گے خدا کا خوف کرو، پولیس بھی ہماری اور ایف سی بھی پاکستان کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کوئی جانی نقصان ہوا تو کون ذمہ دار ہوگا.کلومیٹر پر حکومت کرنے والو، اگر کوئی جانی نقصان ہوگیا، بھاگ نہیں پاؤ گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج مقدمات میں شیخ رشید عبوری ضمانت کے لیے سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش ہوئے۔شیخ رشید کی جانب سے ان کے وکیل نے عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کروادیئے۔سیشن عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت کی توثیق کر دی ہے۔