لیسکو، فیسکو میں مزید 500 بجلی چور پکڑے گئے، کروڑوں روپے کے جرمانے

Oct 10, 2023

لاہور‘ فیصل آباد‘ گوجرہ (این این آئی+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) لیسکو اور فیسکو میں کریک ڈا¶ن کے 32 ویں روز مزید 500 بجلی چور پکڑے گئے جن سے کروڑوں روپے مالیت کے جرمانے وصول کئے گئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) ریجن کے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف 32ویں روز بھی آپریشن جاری رہا جس میں446 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے،444 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئیں جبکہ 30 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل19 اور427 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو8لاکھ31ہزار78یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 6کروڑ 6لاکھ 29ہزار 516روپے بنتی ہے۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید 35بجلی چوروں کو پکڑ لیا جو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان بجلی چوروں کو 90ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس اور 35 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں۔ تمام بجلی چوروں کے کنکشنز منقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔ ضلع فیصل آباد میں اب تک 883بجلی چوروں کو 23 لاکھ 74ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 10کروڑ 86 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع جھنگ میں اب تک 249 بجلی چوروں کو 9لاکھ 16ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 3 کروڑ 83لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیاہے۔ ضلع بھکر میں اب تک 249 بجلی چوروں کو 6لاکھ 37ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس اور 3 کروڑ 28لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع چنیوٹ میں 306بجلی چوروں کو 8لاکھ 90ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3 کروڑ 29لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع خوشاب میں 75بجلی چوروں کو 2 لاکھ 67ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور ایک کروڑ 25لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع میانوالی میں 289بجلی چوروں کو 5لاکھ 96ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 2 کروڑ 84 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع سرگودھا میں 288 بجلی چوروں کو 7لاکھ 11 ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 3کروڑ 23 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع ٹوبہ میں 196بجلی چوروں کو 5لاکھ 16ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور2 کروڑ 63 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران فیسکو ریجن سے 31روز کے دوران مجموعی طور پر 2583 بجلی چور پکڑے گئے ہیں۔ ان بجلی چوروں کو مجموعی طورپر 70لاکھ 84ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور31 کروڑ 97 لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ ان بجلی چوری میں 2457گھریلو، 64کمرشل، 57زرعی، اور 5انڈسٹریل کنکشن شامل ہیں۔ فیسکو ریجن میں مجموعی طورپر 2499بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی ہوچکا ہے جبکہ 2056بجلی چوروں کو گرفتار کرلیا گیا اور 14کروڑ 68لاکھ سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔ فیسکو ٹاسک فورس کو اطلا ع ملی کہ گوجرہ کے چک نمبر 95 ج ب کا محمد رمضان، چک نمبر 333 ج ب کا مظہر علی اور چک نمبر 338 ج ب کا محمد خلیل اپنے بجلی میٹروں سے ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے میں مصروف ہیں جس پر ٹاسک فورس نے چھاپے مار کر ان کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور میٹر بجلی اتار لئے۔ فیسکو حکام نے تھانہ صدر اور نواں لاہور کو تحریری طور پر آگاہ کردیا جنہوں نے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔

مزیدخبریں