اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور ایوی ایشن ڈویڑن کا وفد ملائیشیا پہنچ گیا اور میں موجود دو طیاروں کا تنازع حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیکریٹری ایوی ایشن کی قیادت میں ملائیشیا جانے والے وفد میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر عامر حیات، ٹیکنیکل افسر اور چیف فنانشل افسر بھی شامل ہوں گے۔پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ تنازع دو ایئربس اے 320 طیاروں سے متعق ہے جنہیں پی آئی اے نے 2012ء میں ایئر ایشیا سے لیز پر حاصل کیا تھا، 2021ءمیں پی آئی اے نے طیارے لیز پر دینے والی کمپنی کو واپس کرنے کی کوشش کی لیکن کمپنی نے طیاروں کی خراب حالت کو جواز بناتے ہوئے انہیں واپس لینے سے انکار کر دیا۔ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کی جانب سے اضافی رقم بروقت ادا نہ کیے جانے پر معاہدہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔یہ مسئلہ دو سال سے التوا کا شکار ہے اور پی آئی اے کو پارکنگ فیس اور دیگر اخراجات کی مد میں لاکھوں ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔