جناح ہاﺅس حملہ: مقدمے میں گرفتار ملزموں کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ

لاہور( این این آئی) جناح ہاﺅس حملے کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔پنجاب حکومت نے ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ملزمان کا ٹرائل سنٹرل جیل لاہور میں ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق عسکری ٹاور پر حملے کے مقدمے کا ٹرائل بھی جیل میں ہو گا، تھانہ شادمان پر حملے اور جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کا ٹرائل بھی جیل میں ہو گا ۔ پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف چالان مکمل کر کے عدالت میں جمع کرا رکھے ہیں۔اس حوالے سے جناح ہاﺅس حملہ کیس کے سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہاﺅس حملہ کیس میں گرفتار تمام ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہو گا ، انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید جیل میں جا کر ملزمان کا ٹرائل کریں گے، جناح ہاﺅس حملہ کیس میں ملزمان کی تعداد بہت زیادہ ہے۔فرہاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں ملزمان کو روز جیل سے عدالت لانا اور واپس لے جانا مشکل کام ہے، ہماری کوشش یہی ہے کہ مقدمے کا ٹرائل جلد از جلد مکمل کرائیں ، اے ٹی سی کے رولز کے تحت جناح ہاس حملہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئر مین پی ٹی آئی کی جناح ہاﺅس حملہ کیس میں ضمانت عدم پیروی پر خارج ہوئی، اگر چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہوئے تو انہیں بذریعہ ویڈیو لنک جیل ٹرائل میں شامل کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن