کراچی (نوائے وقت رپورٹ) مسکن چورنگی کے قریب رہائشی عمارت کی دکان میں گیس لیکیج سے دھماکے میں 3 دکانیں تباہ، کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں۔ شہر قائد میں گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب رہائشی اپارٹمنٹ کی پیزا شاپ میں گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے باعث ہر طرف تباہی پھیل گئی اور موٹرسائیکل سوار راہ گیر شہری سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں پیزا شاپ سمیت 3 دکانیں مکمل تباہ اور دیگر دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی 10 سے زائد گاڑیوں پر عمارت کا ملبہ گرگیا جس کے باعث کچھ گاڑیاں تباہ اور کچھ کو شدید نقصان پہنچا۔ اپارٹمنٹس اور دکانوں پر مشتمل رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پیزا شاپ میں گیس لیکیج کے باعث گیس کا پریشر بنا اور شاپ میں بجلی کے تاروں میں فلکچوایٹ ہونے سے دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد پیزا شاپ کے 2 مالکان اور ایک ملازم کو پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ مکینوں کے مطابق رہائشی اپارٹمنٹ کی دکانوں میں اب تک 4 دھماکے ہوچکے ہیں۔ 3 سال قبل ہونے والے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق،6 فلیٹس مکمل تباہ اور کئی دکانوں کو نقصان پہنچا تھا۔ پیر کی صبح رہائشی اپارٹمنٹ اللہ نور کی پیزا شاپ میں ہونے والا گیس لیکیج دھماکا اتنا شدید تھا کہ دکانوں میں رکھا سامان دور جاگرا۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر فلاحی تنظیموں کے رضا کار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز، ریسکیو ادارے، فائر بریگیڈ، 1122، سوئی سدرن کمپنی اور کے الیکٹرک کا عملہ بھی موقع پرپہنچ گیا اور کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس نے فوری طورپر کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا۔ امدادی سرگرمیوں کے دوران ریسکیو اہلکار کو پیزا شاپ سے ایک سلینڈر بھی ملا، جس کا والو کھلا ہوا تھا۔ شبہہ ہے کہ اسی سلینڈر سے گیس کا اخراج ہوا، جو دھماکے کا سبب بنا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمیوں کی شناخت 46 سالہ عدنان احمد برکی، 30 سالہ محمد وقاص، 40 سالہ عمران، 34 سالہ محمد ارشد کے نام سے ہوئی۔ 3 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے گھر روانہ کردیا گیا جبکہ چوتھا زخمی عباسی شہید ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ دھماکے بعد اللہ نور رہائشی اپارٹمنٹ کے مکین بھی بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ پیزا نامی شاپ میں انتہائی خطرناک نوعیت کا دھماکا ہوا۔ ایسا محسوس ہوا کہ زلزلہ آگیا۔ ہر طرف دھواں تھا اور تباہی مچی ہوئی تھی۔