اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر انیق احمد نے کہا ہے کہ نبی پاک نے تجارت کے پیشے کے ذریعے معا شرے کیلئے اعلی ترین نمونے پیش کیے۔ہمیں ان اصوبوں کو اپنی زندگیوں پر لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ سیرت النبی کے حوالے سے اسناد کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے حج پالیسی 2024 کی منظوری دے دی ہے جس میں حج کے واجبات کی ادائیگی کے لیے دو پیکجز پیش کیے جائیں گے جن میں روپے اور امریکی ڈالر میں ادائیگی شامل ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ حج کے واجبات کی ادائیگی ڈالر میں کریں تاکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حج کی ادائیگی امریکی ڈالرز میں کریں گے انہیں بغیر بیلٹنگ کے حج پر بھیجا جائے گا۔ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اسے تجارت اور برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کی مضبوطی میں مزید مو ثر کردار ادا کرنا چاہیے۔