اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ)ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان(ایچ ای سی) نے گوادر کے نوجوانوں کو عصری تعلیم اور ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے ایک اقدام کا آغاز کیا ہے۔ یہ پروگرام گوادر سے تعلق رکھنے والے ان غیر معمولی طالب علموں کی مدد کے لیے تیار کیا گیا ہے جو پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے صوبوں میں واقع ایچ ای سی سے تسلیم شدہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور ڈگری دینے والے اداروں (ڈی اے آئیز)میں انڈر گریجویٹ تعلیم (بی ایس-4/5 سالہ پروگرام)حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق یہ اسکالرشپ پروگرام ایک حکومتی اقدام ہے جس کا مقصد گوادر کے طلبا کو معاصر مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں اور دیگر لیبر مارکیٹوں میں روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں۔ گوادر پرو کے مطابق "گوادر کے طلبا کے لئے اسکالرشپ پروگرام" کے عنوان سے منصوبے کے تحت تعلیمی سال 2023 تک کے لئے اسکالرشپس پیش کی جارہی ہیں، جس میں تعلیمی شعبوں کی وسیع رینج کا احاطہ کیا گیا ہے۔