ملکی خام تیل کی پیداوار50ہزار بیرل یومیہ تک لے کرجائیں گے: اوجی ڈی سی ایل

اسلام آباد(نامہ نگار) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈصارفین کی زیادہ سے زیادہ طلب کو پورا کرنے کیلئے خام تیل کی پیداوار 50,000 بیرل یومیہ تک بڑھانے کیلئے کوشاں ہے جس سے پاکستان کی درآمدی بل کوکم کرنے میں مدد ملے گی جسے پہلے ہی امریکی ڈالر کی کمی کا سامنا ہے۔او جی ڈی سی ایل انتظامیہ نے ورکنگ گروپ تشکیل دیے ہیں تاکہ جدید ترین ٹیکنالوجیز کو بروئے کارلاتے ہوئے توانائی کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے پروڈکشن کوبہتر بنایاجاسکے۔ورکنگ گروپ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے انفرادی کنوو¿ں اور فیلڈز پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کررہا ہے۔کمپنی کی انتظامیہ نے بتایا کہ آخری مالی سال کے اختتام پر او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی پیداوار 32,000بیرل یومیہ تھی جو ازسرنو کوششوں کی بدولت بڑھ کر35,000بیرل یومیہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے تیل کی پیداوار 50,000بیرل یومیہ تک لے جانے کیلئے پانچ سالہ منصوبہ بنایا ہے۔پروگرام کے مطابق مالی سال 2023-2024میں خام تیل کی مجموعی پیداوار میں 2,000بیرل یومیہ اضافہ کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن