بین الاقوامی عسکری شراکت داری کو فروغ دینے اور فضائی قوت کا شاندار مظاہرہ کرنے کے لیئے پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ایئر بیس پر 14 ملکی بین الاقوامی فضائی مشق، انڈس شیلڈ-2023 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ایئر آفیسر کمانڈنگ سینٹرل ایئر کمانڈ نے مشق کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے محرکات کے تناظر میں مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے بین الاقوامی فضائی مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس وسیع مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کی کاوشوں کو بھی سراہا جس کی بدولت مشق میں حصہ لینے والی فضائی افواج اور اتحادیوں کے مابین موجودہ تعاون اور شراکت داری کو فروغ حاصل ہوگا۔ مشق انڈس شیلڈ-2023ءکی منصوبہ بندی اور اس کا انعقاد، سربراہ پاک فضائیہ، کے وڑن کے عین مطابق ہے جس سے پاک فضائیہ کے لئے ٹیکنالوجی کے فروغ، اس کی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہمکنار کرنے اور عصر حاضر کی جنگی حکمت عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے فضائی دفاع کے مشترکہ چیلنجز سے مو¿ثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔ یہ مشق خطے کی اہم فضائی قوتوں کے مابین، تعاون اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مشق انڈس شیلڈ 2023ءمیں ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14 فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔
موجودہ حالات ‘ خطے کو درپیش سنگین خطرات کے پیش نظر اور بین الاقوامی عسکری شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے انڈس شیلڈ 2023ءجیسی مشترکہ جنگی مشقوں کا انعقاد وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اس سے ان ممالک کے درمیان فوجی تعاون‘ عسکری اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور ایک دوسرے کی جنگی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا‘ اپریشن حکمت عملی سمیت تربیت اور کوآرڈی نیشن کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا۔ افواج پاکستان کی دفاعی اور عسکری بہترین صلاحیتوں پر توکوئی دو رائے نہیں‘ پوری دنیا ان صلاحیتوں کی معترف ہے۔ اس مشترکہ مشق میں جہاں اس میں حصہ لینے والے ممالک کو پاک فضائیہ کی بہترین صلاحیتوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا‘ وہیں وہ اسکی دفاعی صلاحیتوں سے مستفید بھی ہوسکیں گے۔
بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ-2023ءکا آغاز
Oct 10, 2023