ذکر میلادمیں سیرت النبی کے تمام موضوعات کا تذکرہ شامل‘اشرف جلالی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺو تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام وسن پورہ لاہور میں "سالانہ جشن میلاد خاتم المعصومین کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع کا انعقاد الحاج محمد الیاس چشتی صاحب کی سرپرستی میں ہوا جبکہ حضرت علامہ محمد عبد الرشید اویسی مہمان خصوصی تھے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ ذکر میلاد شریف میں سیرت النبی کے تمام موضوعات کا تذکرہ شامل ہے۔ عید میلاد النبی یادِ رسول کے زیر سایہ قرآن و سنت پر عمل پیرا کرنے کا ایک عہد ہے۔ذکر رسول میں آمد مصطفیٰ سے صدیوں پہلے کے حالات کی روشنی موجود ہے۔ سرور کونین آج بھی حیات حسی، حقیقی، جسمانی کے ساتھ اپنے روضہ پر نور میں زندہ و تابندہ اور امت کے حالات سے واقف ہیں۔ اس عقیدے سے امت مسلمہ کی دربار رسالت سے وابستگی میں وارفتگی پیدا ہوتی ہے۔ اجتماع میں صاحبزادہ سردار احمد رضا فاروقی، مفتی محمد زاہد نعمانی، مفتی محمد حذیفہ جلالی، مولانا محمد طلحہ جلالی، صوفی محمد ظفر اقبال سرہندی، قاری محمد عبد اللہ جلالی، مولانا محمد محسن علی جلالی، محترم محمد عارف قادری و دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن