کابل‘ اسلام آباد (این این آئی + خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں2 روز قبل آنے والے زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد 2 ہزار425 ہو گئی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان عبوری حکومت کے مطابق زلزلے سے9 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ افغان حکام کے مطابق زلزلے سے ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ افغان حکام کے مطابق زلزلے سے ڈیڑھ ہزار مکانات تباہ یا نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔ حکومت پاکستان نے10رکنی میڈیکل ٹیم اور ادویات افغانستان بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیکل ٹیم سرجنز اور میل نرسز پر مشتمل ہوگی۔ وفاقی وزارت صحت حکا م کے مطابق میڈیکل ٹیم (پمز)کے دو نیورو سرجنز، دو آرتھوپیڈک سرجنز اور ایک جنرل سرجن پر مشتمل ہوگی۔ ٹیم میں پانچ میل نرس بھی شامل ہوں گے۔ ادھر افغانستان کے شمال مغربی شہر ہرات اور اس کے گردو نواح میں دو روز قبل آنے والے بدترین زلزلے کے بعد تاحال امدادی کارکن ملبے تلے دبے زندہ بچ جانے والے افراد اور مرنے والوں کی لاشیں نکالنے کیلئے سرگرداں ہیں۔ ترجمان گورنر ہرات نثار احمد الیاس نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ آپریشن اب بھی جاری ہے‘ اب بھی کچھ لوگوں کو ملبے سے نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہرات کے آس پاس کے ایک درجن سے زائد دیہات بھی متاثر ہوئے ہیں۔