میانوالی (نمائند ہ نوائے وقت+نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف ضلع میانوالی کے صدر سلیم گل خان‘ چیئرمین مارکیٹ کمیٹی افضل خان‘ تحصیل عیسیٰ خیل کے صدر محسن شہزاد خان‘ شوکت خان مداد خیل‘ نادر شہروز خان‘ ملک شاہزیب سمیت آٹھ عہدے داروں اور سابق ممبران نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلیم گل خان نے کہا کہ نو مئی کو عسکری تنصیبات اور املاک میں توڑ پھوڑ جلا¶ گھیرا¶ کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نا اہل خوشامدی مشیروں نے گھیر رکھا ہے اور ان کی وجہ سے آج تحریک انصاف اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے کارکن ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ارکان اسمبلی کوارڈینیٹر اور دیگر نے میانوالی میں جو کارکنوں سے سلوک کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو اب اچھے دنوں میں اپنے لیڈر عمران خان سے ملنے تک اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نااہل مشیروں کی وجہ سے تحریک انصاف ختم ہو گئی ہے۔ سلیم گل خان نے کہا کہ ہمارا آئندہ تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن ہیں۔ پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔