لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول وحدت روڈکا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلباء سے ملاقات کی۔ اساتذہ کی سکول اوقات کار میں الیکشن سمیت دیگر ڈیوٹی پر پابندی عائد کر دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سکول اوقات کار میں اساتذہ الیکشن سمیت کوئی بھی ڈیوٹی سرانجام نہیں دیں گے ۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ طلباءکلاس روم میں فارغ بیٹھے رہیں اور اساتذہ موجود نہ ہوں۔ طلباء کی درخواست پر وزیر اعلی محسن نقوی نے سکول کینٹین کی سہولت کو بہتر بنانے کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ طلباء کو سپیڈو بس سروس میں رعایتی سفر کی سہولت دی جائے گی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کلاس رومز، گراو¿نڈ اور لان کی حالت بہتر بنانے کا حکم دیا۔ 11 ویں اور 12 ویں کلاس کے طلباء کو پڑھانے کے لئے اساتذہ تعینات کر دیئے گئے۔ اساتذہ کی تعیناتی پر طلباء نے خوشی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے پائلٹ سکول کو ماڈل سکول بنانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے آشوب چشم کے ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔ محسن نقوی کلاس 6 میں بھی گئے اور طلباءسے اسلامیات کے پیپر کے بارے میں دریافت کیا۔ طلباءنے کہا کہ ہمیں اب اسلامیات پڑھائی بھی جارہی ہے اور ہوم ورک بھی مل رہا ہے اور آپ کی ہدایت پر ہمارا اسلامیات کا پیپر اب 16 اکتوبر کو ہو گا جس کے لئے ہم تیاری کر رہے ہیں۔ طلباءکی کاپیاں چیک کیں، ہوم ورک دیکھا۔ محسن نقوی نے گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول وحد ت روڈ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سنٹرل ماڈل سکول اور پائلٹ سکول جیسے ادارے ماضی میں اپنی مثال آپ تھے۔ سرکاری سکولوں میں بہتری لانے کے لئے ٹیم بن چکی ہے اور کام جاری ہے۔ لاہور کے سکولوں کو سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کے لئے 20 سے 25 ارب روپے درکار ہیں۔ پنجاب کے باقی سکولوں کو نظر انداز کر کے صرف لاہور کے سکولوں پر 20، 25 ارب روپے لگانا شاید مناسب نہیں۔ سرکاری سکولوں کی بہتری کیلئے انتظام و انصرام پرائیویٹ اداروں کو دیا جا رہا ہے۔ پرائیویٹ اداروں کے سپرد کئے جانے والے سرکاری سکولوں میں کافی بہتری آچکی ہے۔ جس سرکاری سکول میں 300 بچے تھے، تعلیمی این جی اوز کے سپرد کرنے کے بعد 1500 طالب علم ہیں۔ سکول پرائیویٹائز نہیں کر رہے ہیں، ٹیچرز یہی ہوں گے، فنڈنگ بھی یہی ہو گی۔ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر سروسز ہسپتال بھی اپ گریڈ ہو گا۔ گراو¿نڈ فلور پر انتہائی نگہداشت کا یونٹ بنے گا۔ ایم ایس اور دیگر انتظامی دفاتر بیسمنٹ میں منتقل ہوں گے۔ اپ گریڈیشن پر 4 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلی نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اوراپ گریڈیشن کا کام 90 روز میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔ گراو¿نڈ اور دیگر فلورز کو فوری طور پر خالی کرا کر 16 اکتوبر سے اپ گریڈیشن کا کام شروع کیا جائے اور 3 شفٹ میں کام کیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ذاتی طور پر اپ گریڈیشن کے کام کی مانیٹرنگ کروں گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سمز لیب کا دورہ کیا اور میڈیکل ٹیسٹ کے لئے سہولتوں کا معائنہ کیا۔ سمز لیب کا ریونیو نہ ہونے کے برابر تھا، مریضوں اور سٹاف کے واش رومز پر تالے تھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سمز لیب میں سہولتوں کے فقدان پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ٹیسٹ سے حاصل ہونے والے ایک روز کے ریونیو کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیسٹ سے ایک روز میں 56 ہزار روپے ریونیو حاصل ہوا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سمز لیب میں سہولتیں اور ٹیسٹ کا معیار بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سمز لیب سے کم ازکم روزانہ 10 لاکھ روپے ریونیو حاصل ہونا چاہیے۔ ایک مریض نے ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایت کی جس پر وزیر اعلی محسن نقوی نے ریکارڈ چیک کرنے کے بعد ٹیسٹ باہر سے کرانے کی انکوائری کا حکم دیا۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ڈیڈ لائن پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر پراجیکٹس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ محسن نقوی نے ژوب میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید میجر سید علی رضا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر سید علی رضا نے مادر وطن کے امن کیلئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔