ژوب میں آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ، 5دہشتگرد ہلاک، میجر، حوالدار شہید

Oct 10, 2023

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی،نمائندہ خصوصی،اپنے سٹاف رپورٹر سے) سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پرآپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر اور حوالدار وطن پر قربان ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں کا بہادری و جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔ دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں شہادت کا رتبہ پانے والے 31 سالہ میجر علی رضا کا تعلق سرگودھا سے تھا، شہید میجر علی رضا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے حوالدار نثار احمد نے بھی جام شہادت نوش کیا، 38 سالہ شہید حوالدار نثار احمد کا تعلق وہاڑی سے تھا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ہمارے بہادر جوانوں کی مقروض ہیں۔ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ضلع ژوب میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداءکو سلام پیش کرتی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، ہماری بہادر افواج دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے عزم پر قائم ہیں ۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور پی پی پی کے چیئرمےن بلاول بھٹو زرداری نے میجر علی رضا شاہ شہید اور حوالدار نثار احمد شہید کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کےا ہے ۔آصف علی زرداری نے کہا کہ گردوں کا صفایا کرنے والے بہادر جوانوں پر قوم کو فخر ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا زوب میں دہشتگردوں کے کے ہاتھوں میجر علی رضا شاہ کی شہادت پر اظہار افسوس کےا ہے ۔نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے میجر علی رضا اور حوالدار نثار احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

مزیدخبریں