لاہور (این این آئی) مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف ملکی ترقی کا آزمودہ برانڈ ہے، جب سب فیل ہو جاتے ہیں تو نواز شریف آتا ہے، چھ سال بعد نواز شریف قوم کوپورا سچ بتائے گا تو سارے پراپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے دفن ہوجائیں گے۔ نوازشریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپیگنڈے اور بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں کیا۔ مریم نواز شریف سے یونین کونسل 123 اور 125 کے عہدیداروں اور کارکنوں نے ملاقات کی۔ مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالی کے کرم سے نواز شریف پھر سب ٹھیک کرے گا۔ جب کارکردگی میں نہ ہرا سکے تو جھوٹے الزام لگا کر، دھاندلی اور طاقت سے نواز شریف کو میدان سے ہی نکال دیا۔ اللہ تعالی نوازشریف کو پھر واپس لے آیا۔ نوازشریف کو نکالنے والے نظام سے ہی نکل گئے، یہ ہے اللہ کا نظام۔ چھ سال تک جھوٹوں کو جھوٹ بولنے کی کھلی آزادی تھی جس سے ذہن گمراہ ہوئے۔ نوازشریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپیگنڈے ، بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا، عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے ستایا گیا۔ نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اور عوام کو ملی اور مل رہی ہے۔ نواز شریف 2017 میں گیا تو ملک کیا تھا اور چھ سال بعد آج ملک کیا سے کیا ہوگیا، جس نے کرکے دکھایا، وہ قائد اور معمار پاکستان واپس آرہا ہے۔ نوازشریف گیا تو ترقی، امن اور عوامی خوشحالی بھی چلی گئی۔ نواز شریف جب آیا، امن، ترقی اور خوش حالی کی بہار آئی۔ اللہ تعالی پاکستان کے حالات ٹھیک کرے گا۔ اسی لئے نوازشریف آرہا ہے۔ نوازشریف کو ہر بار حالات نے آزمایا اور نوازشریف ہر بار سرخرو ہوا۔ نوازشریف کی ٹیم میں ایک سے ایک قابل، دیانتدار اور عوام کا خادم شامل ہے۔ مریم نواز شریف نے ٹھوکر نیاز بیگ میں گزشتہ روز ہونے والے بھرپور جلسے پر منتظمین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز شریف آئندہ 10 روز تک یونین کونسلز کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں جاری رکھیں گی۔