زینب الرٹ ایکٹ بارے مقامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہو گی: صدر مملکت

 اسلام آباد:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گمشدہ بچوں کی تلاش اور آگاہی کیلئے معاشرے اور حکومت میں تعاون ناگزیرہے. زینب الرٹ ایکٹ کے بارے میں مقامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہو گی۔زینب الرٹ ریسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ کے نفاذ سے متعلق اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ لاپتہ بچوں سے متعلق شکایات کے بروقت اندراج کیلئے 1099 ہیلپ لائن کے بارے میں آگاہی ضروری ہے. لاپتہ بچوں کی شکایات اور ایف آئی آر کا بروقت اندراج یقینی بنانا پولیس حکام کی ذمہ داری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک بھر میں زینب الرٹ ایکٹ کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں. لاپتہ بچوں کی شکایات پر مقامی پولیس کے ریسپانس ٹائم کو بہتر بنایا جانا چاہیے.مقامی پولیس لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے فوری کارروائی کرے۔عارف علوی نے کہا کہ کسی بچے کی گمشدگی کے بعد کے ابتدائی 24 گھنٹے تلاش میں انتہائی اہم ہوتے ہیں، گمشدہ بچوں کی حفاظت اور تلاش کیلئے سول سوسائٹی اور سرکاری محکمے تعاون بڑھائیں، " زارا " ایکٹ کے صوبائی اور ضلعی سطح پر نفاذ میں خامیوں کی نشاندہی کرنے، نفاذ مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی اور این جی اوز سے مشورہ لینے کے بعد بہتری لانے کیلئے اصلاحی اقدامات کیے جائیں. مناسب وسائل اور لوگوں میں بیداری پیدا کر کے زارا کی کوریج کو پورے ملک تک بڑھایا جائے۔صدر مملکت نے کہا کہ 1099 ہیلپ لائن، وزیراعظم سٹیزن پورٹل اور زارا ایپ پر لاپتہ بچوں بارے الرٹس اور شکایات کے بہتر انتظام کو یقینی بنایا جائے. لاپتہ بچوں کے معاملات پر شکایت کنندگان کو 24/7 سروس کی فراہمی ضروری ہے۔

ای پیپر دی نیشن