ورلڈ کپ ، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دے دی

Oct 10, 2023 | 22:07

ویب ڈیسک

ورلڈ کپ کے اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے سری لنکا کو 6وکٹوں سے شکست دے دی ۔


سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 344رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق نے پریشر سیچوئشن میں سنچریاں سکور کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی ۔ 

تفصیل کے مطابق سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کی پہلی وکٹ محض 5 رنز پر گر گئی۔ کشل پریرا بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر آوٹ ہو گئے، ان کا کیچ محمد رضوان نے پکڑا۔ 17 ویں اوور کی دوسری بال پر پاتھم 107 رنز کے مجموعی سکور پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ شاداب خان کی گیند پر عبداللہ شفیق نے ان کا کیچ پکڑ لیا،انہوں نے 51 رنز بنائے۔چوکوں اورچھکوں  کی برسات میں کوشل مینڈس نے 122 انفرادی رنز بنائے تھے کہ حسن علی کی بال پر کیچ آوٹ ہو گئے، کیچ امام الحق نے پکڑا۔ چیرتھ اسالنکا کریز پر قدم بھی نہ جما پائے تھے، حسن علی کی جاندار باولنگ میں انہیں پھر کیچ دینے پر مجبور کر دیا اور وہ محض ایک رن بنا کر چلتے بنے۔294 کے مجموعی سکور پر محمد نواز کی بال پر شاہین شاہ آفریدی نے دھنن جایا کا کیچ پکڑا اور سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔سمارا وکراما108سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔ دھنانجیا ڈی سلوا 25، کپتان ڈوسن شناکا 12 اور مہیش تھکشانا کوئی سکور بنائے بغیر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار اور حارث روف دو جبکہ شاہین آفریدی ، محمد نواز اور شاداب خان ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز بیٹنگ کےلیے میدان میں آئے تو امام الحق 12سکور بنا کر آوٹ ہو گئے ان کے بعد آنے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم بھی 10سکور بنا کر آوٹ ہو گئے ۔ اس صورتحال میں پاکستان پر شکست کے بادل منڈلانے لگے تو تب ہی عبد اللہ شفیق اور محمد رضوان نے کمال پارٹنر شپ لگائی اور دونوں نے سنچریاں سکور کیں ۔ عبد اللہ شفیق 113رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ ان کے بعدسعود شکیل میدان میں آئے تو وہ 30سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔محمد رضوان131اور افتخار احمد 22سکور کر کے ناٹ آوٹ رہے۔

مزیدخبریں