اوورسیز پاکستانیوں نے 3 ماہ میں آئی ایم ایف کے 3 سالہ پروگرام سے زائد رقم بھیج دی

کراچی (این این آئی) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 مہینوں میں آئی ایم ایف کے 3 سالہ پروگرام سے زائد ڈالرز پاکستان بھیج دیئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ماہ ستمبر میں ورکرز ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کر دیں۔ ترسیلات زر ستمبر 2024 میں 2.8 ارب ڈالرز رہیں جو کہ ستمبر 2023 کے مقابلے 29 فیصد زائد ہیں۔ سعودی عرب سے ستمبر میں 68  کروڑ ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات سے ستمبر میں 56  کروڑ ڈالر بھیجے گئے ہیں۔3 مہینوں میں ورکرز ترسیلات کی ماہانہ اوسط 2.92  ارب ڈالرز رہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں 2.15  ارب ڈالرز بھیجے۔ امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں 1.70 ارب ڈالرز، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 1.34 ارب ڈالرز، یورپی یونین میں مقیم پاکستانیوں نے 1.09  ارب ڈالرز جبکہ امریکہ سے 89 کروڑ ڈالرز پاکستان بھیجے گئے۔ علاوہ ازیں دیگر خلیجی ممالک سے 3 مہینوں میں 86 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے۔ معاشی تجزیہ کار محمد سہیل نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ورکرز ترسیلات کا مضبوط بہائو روپے کو استحکام فراہم کرے گا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھے گا۔

ای پیپر دی نیشن