بیروت؍ دمشق؍ واشنگٹن (این این آئی+ آئی این پی+ نیٹ نیوز) لبنان پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چھتیس افراد جاں بحق اور ایک سو پچاس زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنانی وزارت صحت کے مطابق حملوں میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیل نے بیروت کی مشرقی وادی بیکا کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے چند گھنٹوں میں کئی رہائشی عمارتیں تباہ کردیں۔ جبکہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرزمین پر راکٹس داغے جس کے نتیجے میں میاں بیوی ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے کریات شمونہ اور سرحدی علاقوں پر یکے بعد دیگرے راکٹس داغے جن میں سے ایک راکٹ ایک گھر پر لگا جس میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کریات شمونہ میں ہونے والے میزائل حملے میں میاں بیوی ہلاک ہوگئے جو اپنے کتوں کے ساتھ گھر کے لان میں چہل قدمی کر رہے تھے۔ تاہم حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ زیادہ تر خالی کیے گئے سرحدی شہر میں ’’اسرائیلی دشمن افواج کے اجتماع‘‘ کو نشانہ بنایا تھا۔ میزائل حملوں میں شہر کی کئی عمارتوں میں آگ لگنا شروع ہو گئی، پانچ ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ حزب اللہ کے ان حملوں میں 10 سے زائد اسرائیلی زخمی بھی ہوئے۔ جبکہ دمشق میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 شہری شہید ہو گئے۔ غیرملکی میڈیا نے بتایا کہ شام کی وزارت دفاع کے مطابق یہ اس حملے کا صرف ابتدائی نتیجہ ہے۔ ایرانی ٹیلی ویژن نے دمشق میں ہدف بنانے والے مقام پر قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر رضا فلاح زادہ اور جہاد تحریک کے سیکرٹری زیاد النخالہ کی موجودگی کی تردید کی۔ دمشق میں ایرانی سفارت خانے نے اس بات کی تردید کی ہے کہ المزہ کالونی پر حملے میں ایرانی مارے گئے تھے۔ شام کی وزارت دفاع نے کہا کہ اسرائیلی دشمن نے مقبوضہ شام کے گولان کی سمت سے تین میزائلوں سے فضائی حملہ کیا۔ دمشق کے گنجان آباد محلے المزہ میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں میں سے ایک کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی جارحیت نے دمشق میں المزہ کے پڑوس میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب اسرائیل کے شہر حدیرا میں چاقو حملوں سے چھ افراد زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق چاقو حملے حدیرا شہر کے چار مختلف مقامات پر ہوئے جن میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق چھ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ادھر امریکہ نے کہا ہے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران غزہ کی صورت حال سے متعلق سوال کے جواب میںکہا کہ غزہ میں جنگ بندی سے یرغمالیوں کی واپسی اور فلسطینیوں کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حماس کو قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرنا چاہئے۔