اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کے وزیر اعظم کے متوقع دورے کے پیش نظر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور لائحہ عمل طے کرنے اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، گوادر پورٹ اتھارٹی جبکہ چین میں مقیم پاکستان کے سفیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں سی پیک فیز 2 کے تحت زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ عہدیدار کو ہدایت کی کہ وہ شنگھائی سمٹ میں چین کے وزیر اعظم کی آمد سے قبل روزانہ کی بنیاد پر سی پیک معاہدوں اور منصوبوں کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس کیے جائیں گے۔ ملک کی ترقی میں تعلیم کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ دریں اثنا کامسٹیک سیکرٹریٹ میں تعلیمی نظام پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں تعلیم کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، موجودہ حکومت نے پالیسیوں کے تسلسل اور اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت کو بحال کیا ہے۔