کیمسٹری کا نوبل پرائز پروٹینز پر کام کرنے والے 3 سائنسدانوں کے نام

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے کیمسٹری کے شعبے میں 2024 کا نوبیل انعام 3 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ بیکر، جبکہ گوگل ڈیپ مائنڈ کے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں Demis Hassabis اور جان ایم جمپر کو یہ اعزاز زندگی کی بنیاد سمجھے جانے والے پروٹینز کے سٹرکچر پر کیے جانے والے کام پر دیا گیا۔ رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق کیمسٹری کا آدھا نوبیل انعام امریکا کے ڈیوڈ بیکر کو کمپیوٹیشنل پروٹین ڈیزائن جبکہ باقی آدھا انعام گوگل ڈیپ مائنڈ کے ماہرین کو پروٹین سٹرکچر کی پیشگوئی پر دیا جا رہا ہے۔ ان سائنسدانوں نے پروٹینز کے راز کمپیوٹنگ اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے دریافت کیے۔ نوبیل انعام کے ساتھ ساتھ 11 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی تینوں سائنسدانوں میں تقسیم کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن