لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم ہم ملک اور میرٹ کیلئے کرنا چاہتے ہیں۔ پی پی کسی ایسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی جس سے اس پر کوئی انگلی اٹھا سکے۔ پی پی کے پاس وہ لیڈر موجود ہے جو ملک کو بہتری کی طرف لے جا سکتا ہے۔ سب مل کر جو فیصلہ کریں گے ملک کیلئے اچھا ہو گا۔ خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ کو کوئی بھی بیان دینے سے پہلے سوچنا چاہئے۔ ملک کی کوئی بہتری کی صورتحال بنتی ہے تو یہ دھاوا بولنے کی بات کر دیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اداروں کو مضبوط کرے گی کسی فرد کو مضبوط نہیں کرے گی۔ آئینی ترمیم وقت کی ضرورت ہے۔ آئینی عدالت بنے گی اور کیسز وہاں جائیں گے تو لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عائشہ حامد سے محتسب پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔ عائشہ حامد پہلی خاتون ہیں جو محتسب پنجاب کے عہدے پر فائز ہوئی ہیں۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں آئی ٹی سمپوزیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد ڈاکٹر جہانگیر بدر، انسٹی ٹیوٹ آف ویژن اینڈ لیڈرشپ اور ٹیک ٹائٹنز پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا۔
آئینی ترمیم ملک اور میرٹ کیلئے کرنا چاہتے ہیں: گورنر پنجاب
Oct 10, 2024