اسلام آباد(خبرنگارخصوصی‘اپنے سٹاف رپورٹر‘نمائندہ خصوصی )خیبر پی کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے 2خارجیوں کو ہلاک اورضلع ژوب میں فرنٹیئر کور(ایف سی)کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکاخیز مواد ملا‘ افواج پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔صدر مملکت آصف زرداری ‘ وزیراعظم شہباز شریف‘وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان اور ژوب واقعے پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے دہشتگردوں نے آج صبح سویرے ایف سی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش حملہ اور سمیت 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب دہشتگرد عمر عرف عماری کو بھی جہنم واصل کر دیا۔ ہلاک دہشتگرد ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے سمیت کئی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشیر خان شہید ہوئے‘ 39سالہ حوالدار جمشید خان شہید ڈیرہ بگٹی کے رہائشی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی پر آپریشن کیا جا رہا ہے۔
شمالی وزیرستان، 2 خارجی ہلاک، ژوب، حملہ ناکام، اہلکار شہید، 2 دہشتگرد جہنم واصل
Oct 10, 2024