اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کی درخواست ضمانت میں ایف آئی اے کو پراسیکیوٹر تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ میں ضمانت کیس میں التوا نہیں دوں گا، پراسیکیوٹر مقرر کرکے عدالت پیش ہوں۔ ایف آئی اے حکام کی جانب سے پراسیکیوٹر تعینات نہ ہونے پر مہلت کی استدعا کی گئی، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ میں ضمانت کے کیس میں التوا نہیں دوں گا، نوٹس یہاں سے جا چکا ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ آپ لوگ نوٹس بناتے رہیں آپ اس کا جواب دیں گے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا کیس ہے۔ دوران سماعت عدالت نے ایف آئی اے کی کیس میں پراسیکیوٹر مقرر کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوٹر مقرر کرکے عدالت پیش ہوں۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر آج سماعت ہونا تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج ہونے والی سماعت کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کہا ہے جی ایچ کیو حملہ کیس میں آئندہ سماعت 19 اکتوبر کو اڈیالہ جیل عدالت میں ہو گی۔ ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔