افغان فورسز کی پاکستانی چوکیوں پر فائرنگ، بھرپور جواب، بھاری نقصان اٹھانا پڑا

Oct 10, 2024

تربت‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نوشکی میں پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے جارحیت کی گئی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے نوشکی میں پاک افغان بارڈر پر غزنالی سیکٹر میں جارحیت کی گئی۔ افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کی پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی طرف سے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پاکستان نے جوابی کارروائی میں افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ پاک فورسز کی جانب سے باڑ کی مرمت کے دوران پیش آیا۔ پاکستان نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغان فورسز کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی۔ پاک فورسز کی جوابی کارروائی میں افغان فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ دوسری جانب تربت میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچا لیا اور تربت شہر میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ فورسز نے 280 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا جو ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا اور اسے تربت میں دہشتگردانہ کارروائی کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے گئے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی اور بہترین حکمت عملی نے ثابت کردیا ہے کہ فورسز ملکی دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی اس منصوبہ بندی سے ثابت ہے کہ وہ بلوچستان میں ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے والے دہشتگردوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں