اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کی معیشت کو بیرونی قرضوں پر انحصار سے نکالنے اور پائیدار اور جامع ترقی کے لیے معیشت کا ڈی این اے بدلنا ضروری ہے۔ وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کے دوران حکومت کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل درآمد اور ڈھانچہ جاتی اہداف کے حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی اتار چڑھاؤ سے باہر نکل کر معیشت کو برآمدی بنیادوں پر ترقی کی راہ پر ڈالنا ضروری ہے، جس کے ذریعے سرمایہ کاری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو برآمدی شعبوں کی طرف راغب کیا جائے اور ملک کو دوبارہ عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی ہو۔ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو خوش آمدید کہا، جس کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک ڈونلڈ بوبیایش اور شگیو شیمیزو کر رہے تھے اور بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یے اور دیگر افسران بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو وفاقی وزیر خزانہ نے حکومت کی جاری اصلاحات اور بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس کامیابی کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف کے سر جاتا ہے۔ وفد کے ارکان نے پاکستانی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو مزید مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی یکم جولائی 2025 سے شروع کی جائے گی۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی شرائط کے مطابق زرعی شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے معاملے پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبوں میں زرعی انکم ٹیکس کے حوالے سے قانون سازی جنوری 2025 میں کی جائے گی اور ٹیکس وصولی یکم جولائی 2025 سے شروع کی جائے گی۔ اس حوالے سے ٹائم لائن پر عمل کیا جائے گا۔ چینی آئی پی پیز کے ساتھ قرضوں کی ری پروفائلنگ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ اس حوالے سے معاہدے پر دستخط بہت آگے کی بات ہے۔ پہلے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے پہلے پیرامیٹرز طے ہوں گے۔ دریں اثناء ایشیائی ترقیاتی بنک اے ڈی بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اے ڈی بی پاکستان کو مسلسل تعاون فراہم کرے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور متبادل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پر مشتمل وفد نے ملک کی ترقیاتی ترجیحات اور میکرو اکنامک اصلاحات پر تبادلہ خیال کے لیے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی۔ احد چیمہ نے ملاقات کے دوران پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان مضبوط شراکت داری پر روشنی ڈالی، جس کا اعادہ اے ڈی بی کے صدر ماساسوگو اساکاوا کے حالیہ دورہ کے دوران کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر نے مستحکم کرنسی، مہنگائی میں کمی، اور مضبوط مالی پوزیشن جیسے حکومتی اصلاحات کے اثرات کو اجاگر کیا اور انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سماجی ترقی سمیت اہم شعبوں میں اے ڈی بی کی مدد کے لیے پاکستان کی ترجیحات پر بھی زور دیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے سٹرکچرل اصلاحات کے نفاذ، مالیاتی گنجائش پیدا کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کے ایجنڈے پر اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔