ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے‘ عوام کو طبی سہولیات کی بہتر فراہمی ہسپتالوں میں جاری تزئین آرائش کے کاموں اور واربرٹن میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لینے تحصیل ننکانہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف ، ایکسین بلڈنگ عامر محمود ، محکمہ تعلیم کے افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر واربرٹن اور بنیادی مراکز صحت چندر نگر میں ڈاکٹرز و عملے کی حاضری ، ادویات کے اسٹاک ، صفائی ستھرائی ، عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی سمیت ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف اور ایکسین بلڈنگ عامر محمود نے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے گورنمنٹ ہائی سکول چندر نگر اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چندر کوٹ کا بھی دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا سرکاری سکولوں‘ ہسپتالوں کا دورہ
Oct 10, 2024