لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب پولیس سموگ کی روک تھام سے ماحولیاتی تحفظ کیلئے کاروائیاں جاری ہیں اور تمام اضلاع میں سموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں، فیکٹریوں اور بھٹہ مالکان کیخلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال سموگ کے تدارک کیلئے 753 ملزمان گرفتار ہوئے، 999 مقدمات درج کئے گئے۔صوبائی دارالحکومت میں 71 ملزمان گرفتاراور 180 مقدمات درج کئے گئے۔ صوبہ بھر میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی 1 لاکھ 33 ہزار 737 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، 21 کروڑ 4 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد جرمانے کئے گئے، غیر معیاری فٹنس پر 43045 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا، زیادہ دھواں چھوڑنے پر 2510 گاڑیوں کے فٹنس سر ٹیفکیٹ معطل کیے گئے،1476 گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کیے گئے، زہریلا دھواں چھوڑنیوالی 163 گاڑیوں کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز سمیت دیگر مقامات پر انسداد سموگ کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول شاہراہوں پر سموگ کا باعث بننے والی وہیکلز کیخلاف اقدامات میں تیزی لائیں۔ سیف سٹی کیمروں کی مانیٹرنگ سے سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، صوبہ بھر میں سموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں، فیکٹریوں، کھیتوں میں آگ لگانے پر فوری کارروائی کی جائے، پنجاب پولیس سموگ کے تدارک کیلئے انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے۔ فصلوں کی باقیات، بھٹہ مالکان اور کوڑا کرکٹ جلانے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔