لاہور (سٹاف رپورٹر) ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 84195 ریڈز کی گئیں، منشیات کے دھندے میں ملوث 46810 ملزمان گرفتار ہوئے،46407 مقدمات درج ہوئے، ملزمان سے 33382 کلوگرام چرس، 791 کلو گرام ہیروئن، 1550 کلو افیون، 365 کلو آئس، 7 لاکھ 68 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی جبکہ نشے کی بیماری میں مبتلا 1245 افراد کو بحالی کیلئے علاج گاہوں میں داخل کروایا گیا۔صوبائی دارالحکومت میں رواں سال منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 7684 چھاپے مارے گئے، 7925 ملزمان گرفتار ہوئے اور 7684 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان سے 5772 کلوگرام چرس، 245 کلو گرام ہیروئن، 296 کلوگرام افیون، 137 کلو گرام آئس اور 53322 لٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ ماڈرن ڈرگز کی خریدو فروخت، آن لائن سپلائی، سمگلنگ اور استعمال کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردو نواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے جائیں، منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں۔