لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف پیشرفت کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پالیسیوں میں تسلسل لائے ،30ستمبر تک 37لاکھ گوشوارے جمع ہوئے لیکن ان میں 15 لاکھ افراد نے صفر ریٹرن جمع کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اور جنرل سیکرٹری جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے ٹیکس بارز کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جاوید اقبال قاضی،اے ایس جعفری،عبدالرحمن خواجہ،محمد آصف،مفتی وقاص اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا صرف 5 ہزار ٹیکس دینے والوں کی تقریباً 13لاکھ ریٹرن جمع ہوئیں، 5لاکھ افراد کی جانب سے 50 ہزار روپے ریونیو جمع کرانے کی اطلاعات ہیں۔ ایف بی آر کو روایتی طریقے چھوڑ کر جدت کی طرف جانا ہوگا۔ زبانی جمع خرچ اور نوٹسز کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی بجائے انٹیلی جنس بیسڈ معلومات کے ذریعے قابل ٹیکس آمدن والوں سے بات کی جائے اور پھر کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔ کئی سخت ٹیکس ترامیم اور ایس آر اوز لانے کے بعد بھی پہلی سہ ماہی میں 96ارب کا ریونیو شارٹ فال آگیا ہے جس کا مطلب ہے ہماری حکمت عملی اور اقدامات ناکافی ہیں یا عوامی مفادت میں نہیں۔
ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف پیشرفت کو قابل ستائش ہے:پی ٹی اے اے
Oct 10, 2024