لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے سعودی عرب کیساتھ جلد ہونیوالے معاہدوں کی راہ ہموار کرنے کیلئے حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور اسے معیشت کیلئے ایک اچھی خبر قرار دیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے سعودی عرب کیساتھ معاہدوں کیلئے حکومت کی کوششوں کا خیر مقدم کیا جو سعودی وزیر سرمایہ کاری کے پاکستان کے دورہ پاکستان کے دوران طے پائیں گے۔ یہ معاہدے نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے بلکہ پاکستان کی معیشت میں ضروری سرمایہ کاری بھی فراہم کرینگے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے اس سلسلے میں وزیراعظم کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا ایک اہم ساتھی رہا ہے۔ تجارت و سرمایہ کاروں کے نئے معاہدوں سے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت دیگر شعبو ں میں تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔