لاہور(کامرس رپورٹر)صدر آصف علی زرداری نے بزرگ تاجر رہنما افتخار علی ملک کو گرانقدر پچاس سالہ بے لوث خدمات پر ایف پی سی سی آئی ایکسیلنس ایوارڈ عطا کیا ہے۔ یہ اعزاز پورے خطے میں تجارت اور صنعت کو فروغ دینے میں ان کی زندگی بھر کی مثالی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ افتخار علی ملک اپنی غیر متزلزل محنت لگن اور دیانتداری کیلئے معروف ہیں۔ انہوں نے کبھی مراعات اور الاونسز سمیت ایک پیسے کا بھی ذاتی مالی فائدہ نہیں اٹھایا اور کاروباری دنیا میں اپنے نمایاں مقام کے باوجود ہمیشہ قیام و طعام کے تمام اخراجات اپنی جیب سے برداشت کیے۔ انکا ایوارڈ انکے بڑے بیٹے سنیر ایگزٹییکو گارڈ گروپ تیمور علی ملک نے وصول کیا۔ افتخار علی ملک کو تجارت اور بزنس کے شعبوں کیلئے ان کی کوششوں اور بے پایاں خدمات کی وجہ سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر انہیں بہت زیادہ عزت و احترام سے دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان اور جنوبی ایشیا میں تجارتی منظر نامے کی تشکیل میں ان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے جس کی وجہ سے انہیں اس ممتاز ایوارڈ کا حقیقی طور پر حقدار سمجھا گیا ہے۔