لاہو ر(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ملی یکجہتی کونسل کی مجلس قائدین سپریم کونسل کا اجلاس 23 اکتوبر 2024ء کو منصورہ لاہور میں ہوگا۔ صدر مِلی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کے طلب کردہ اجلاس کی میزبان جماعت اسلامی ہوگی۔ دستور کے مطابق آئندہ 3 سال کیلئے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر اور سیکرٹری جنرل کا انتخاب ہوگا۔ ملی یکجہتی کونسل تمام دینی مسالک کی جماعتوں کا غیرانتخابی متحدہ پلیٹ فارم ہے، جس کے پیشِ نظر فرقہ ورانہ ہم آہنگی، اتحادِ ؒامت، غلبہ دین اور ملک میں اتحاد و وحدت کا ماحول برقرار رکھنا ہے۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا حق دو تحریک میں اپنے اہداف حاصل کرنے کیلئے جدوجہد تیز ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمان اس قوم کیلئے سٹرکوں پر ہیں۔جب تک حکومت عوام کو درپیش مسائل کو کم نہیں کرتی اس وقت تک ہم چین سے بیٹھنے والے نہیں۔ ملک و قوم اس وقت بحرانوں کی زد میں ہیں۔ حکومت نے معاہدہ خلافی کرکے اپنے لئے ہی مسائل کھڑے کر دیئے ہیں۔ 23 تا 27 اکتوبر ریفرنڈم کرکے بجلی کے بل ادا کرنے ہیں یا نہیں فیصلہ کریں گے۔ قوم اب حکمرانوں کے کسی جھوٹے وعدوں پر یقین کرنے کو تیار نہیں۔
ملی یکجہتی کونسل کی مجلس قائدین سپریم کونسل کا اجلاس 23 اکتوبر کو ہوگا
Oct 10, 2024