لاہور(نیوز رپورٹر) ذہنی صحت کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ (پی آئی ایم ایچ) مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کررہا ہے، جن میں ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی مہیا کی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے ایک واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس سال ذہنی صحت کے عالمی دن کا موضوع ’’کام کی جگہ پر ذہنی صحت کو ترجیح دینا وقت کی ضرورت‘‘ یہ موضوع واضح کرتا ہے کہ ملازمین کی ذہنی صحت کیلئے ایک معاون ماحول مہیا کرنا ضروری ہے۔ پی آئی ایم ایچ، پاکستان کے قدیم ترین نفسیاتی اداروں میں سے ایک ہے۔ اس کے زیر اہتمام آگاہی واک میں شرکاء کو ذہنی صحت کے چیلنجز اور ان کے حل پر گفتگو کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب پی آئی ایم ایچ میں کی جائے گی، جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔