لاہور(نیوزرپورٹر) میئو کینسر کیئر ہسپتال مناواں میں سوسائٹی آف سرجنز کے زیر اہتمام کینسر آگاہی سیمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھیں۔وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر وارث فاروقہ، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر عباس کھوکھرسمیت ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میئو کینسر کیئر ہسپتال مناواں پروفیسر وسیم حیات خان نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ہسپتال کی خدمات بارے روشنی ڈالی۔پروفیسر عباس کھوکھر نے کینسر کی جلد تشخیص اور علاج بارے تفصیلی بریفنگ دی۔خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ دریں اثناء حکومت پنجاب کی انتہائی عمدہ اور شاندار ایئر ایمبولینس سروس کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ ایئر ایمبولینس کے ذریعے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج و معالجہ کیلئے ایک اور مریض پہنچ گیا۔