لاہور (لیڈی رپورٹر) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایوارڈز میں پاکستان کی بہترین نجی یونیورسٹی کے اعزاز سے نوازا۔ یہ ایوارڈ یو ایم ٹی کو اعلیٰ معیاری تعلیم، تحقیق اور تدریسی شعبے میں نمایاں خدمات کے حوالے سے دیا گیا ہے۔ ایوارڈ کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں ملک کے نامور تعلیمی اداروں کے سربراہان، صنعتکاروں اور کاروباری حضرات نے شرکت کی۔ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے صدر یوایم ٹی ابراہیم حسن مراد کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں ان کی غیر معمولی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا۔ صدرِ پاکستان نے کہا کہ یو ایم ٹی کا یہ اعزاز پاکستان کے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی کی ایک زندہ مثال ہے جو مستقبل کی نوجوان نسل کیلئے تعلیمی معیارکے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے اس سنگ میل کو حاصل کرنے پر پوری یو ایم ٹی فیملی کو دلی مبارکباد پیش کی اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ ایوارڈ یو ایم ٹی کیلئے باعث فخر ہے۔