لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کا دورہ کیا اور دل کے مریضوں کی سہولت کیلئے ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت دینے کا اعلان کیا۔ وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، وارڈز اور سٹی سکین مشین کا معائنہ کیا۔ وزیر صحت نے ڈی ایچ کیو کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کی شکایات بھی سنیں۔ خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر اعلیٰ کے ویژن کے تحت صوبے کی عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ضلع چکوال میں ڈی ایچ کیو فیز ٹو کیلئے عملی اقدامات کرنے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا گزشتہ دور حکومت میں یہاں کے لوگ بڑے بڑے عہدوں پر فائز رہے لیکن انہوں نے عوامی خدمت کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ان بڑے عہدوں پر رہنے والوں نے فنڈز بھی بے حساب لئے لیکن شاید انکی ترجیحات کچھ اور تھیں۔