سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری انجنینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان لازوال تعلقات ہیں اور ہمیں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔اسلام آباد میں پاک سعودی عرب بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری انجنینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا تھا طیارےکا دروازہ کھلنے سے پہلے ہم نے پاکستان کی محبت محسوس کی، ہم دوست نہیں ایک خاندان ہیں، ہمیں پاکستانی دوستی کی گرمجوشی کا احساس ہے۔سعودی وزیر کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کو کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، ہم ایک اور متحد ہیں، ہماری معیشت اور معاشرتی اقدار ایک ساتھ جڑی ہیں۔ان کا کہنا تھا ڈھائی ملین پاکسانی سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں، صدر آصف علی زرداری نے پاک سعودی دوستی کے فروغ اور وسعت پر زور دیا ہے، ہم نے چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کی، انہوں نے کہا سعودی عرب میں سرمایہ کاری کو سنگل ونڈو بنائیں گے۔خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا تھا ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری ہمارے لیے اہم ہے، آرمی چیف نے سعودی عرب کیلئے ریڈ ٹیپ کو ریڈ کارپٹ سے بدلنے پر زور دیا ہے۔سعودی وزیر کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ 27 ایم او یوز پر دستخط ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہاہمی تجارتی تعاون بڑھا ہے اور ہماری سرمایہ کاری تیزی سے بڑھی ہے، پاک سعودی تعلقات کی طرح ہمارے معاشی تعلقات بھی لامحدود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت جلد معیشت کو قابو کیا ہے، ہمیں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے، سعودی عرب دنیا کی سب سے بڑی کنسٹرکشن سائٹ ہے، پاکستان ہمیں کنسٹرکشن مٹیریل فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری اہم، پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے: سعوی وزیر سرمایہ کاری
Oct 10, 2024 | 11:18