بھینسوں کے باڑے سے نجات دلائی جائے
مکرمی! پیکو مرغزار روڈ ملتان روڈ سے ملحقہ آبادی فاروق پارک کے مکین انتہائی ذہنی کوفت اور مشکل کے شکار ہیں۔ فاروق پارک کی عقبی آبادی نیشنل پارک کے خالی پلاٹوں پر لوگوں نے بھینسوں کے باڑے بنا رکھے ہیں جس سے علاقے میں تعفن پھیلا رہتا ہے۔ گندگی اور گوبر کے ڈھیروں کی وجہ سے اس علاقے میں مچھروں کی بھی بہتات ہے۔ مچھروں کی افزائش سے علاقے میں ڈینگی بخار کے پھیلنے کے بھی شدید خدشات ہیں۔ آج کل ویسے ہی لاہور میں ڈینگی بخار کے وائرس نے ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا ہوا ہے۔ خادم اعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے کہ مذکورہ علاقے سے بھینسوں کو نکالنے کے فوری احکامات جاری فرمائیں(متاثرین اہل علاقہ 0333-4082176)
تعلیمی بورڈ کی نااہلی لاکھوں طالب علم پریشان
مکرمی! اس سال تعلیمی بورڈز پنجاب کی نااہلی اور سنگین غفلت کا ثبوت یہ ہے کہ لاہور بورڈ میں پرچہ جات کی ری چیکنگ کے سلسلہ میں قریباً ایک لاکھ طالب علموں کی طرف سے درخواستیں جمع ہو چکی ہیں اور فیصل آباد بورڈ میں قریباً چالیس ہزار درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں، پنجاب کے لاکھوں طالب علموں کا مستقبل خطرے سے دو چار ہے کیونکہ ابھی تک ایک طالب علم کی درخواست کا جواب بھی نہیں دیا گیا ۔ ری چیکنگ فیس کی مد میں غریب طالب علموں سے کروڑوں روپے اکٹھے کر لیئے گئے ہیں، اس کے باوجود ان کی کوئی شنوائی نہیں کی جا رہی۔ اس خطرناک کوتاہی کا نوٹس نہ لیا گیا تو معصوم طالب علموں کا سسٹم سے اعتماد جاتا رہے گا۔(سید شفیق الرحمن، صدر ایلیمنٹری ٹیچرز ایسوسی ایشن، شیخوپورہ)