لاہور + پشاور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر / بیورو رپورٹ/ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگی رہنماﺅں نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ویڈیو پریس کانفرنس کو یاوہ گوئی قرار دیتے ہوئے اسے تاریخی حقیقت جھٹلانے کے مترادف قرار دیا ہے، ان رہنماﺅں نے کہا کہ آج بھی بڑی تعداد مےں وہ لوگ زندہ ہےں جنہوں نے پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے اپنے کانوں سے سنے تھے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سینئر نائب صدر خان سلطان محمود خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائداعظمؒ کے ارشادات کی غلط تشریح کر کے الطاف حسین دراصل اپنے بھارتی آقاﺅں کو خوش کر رہے ہےں، ان کی نظریہ پاکستان سے دشمنی واضح ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ بالآخر بلی تھیلے سے باہر آگئی، الطاف حسین نے اپنا آپ پوری قوم پر ظاہر کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں بھارت کے دورے مےں الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف زہر اگلا تھا لگتا ہے الطاف حسین کے دل اور دماغ مےں پاکستان کے خلاف زہر ہی زہر بھرا ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ الطاف حسین ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہےں مگر ان کی زبان سے ایسی باتیں بالکل زیب نہیں دیتیں جو نظریہ پاکستان کو باطل ثابت کرنے کی ناکام کوشش ہےں۔ مسلم لیگ ہمخیال کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ناصر محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ یاوہ گوئی ہے جب کوئی شخص ڈھٹائی سے تاریخی حقیقت کو جھٹلانے پر تل جائے تو اسے اس کے حال پر چھوڑ دینا چاہئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں نے کہا کہ اے این پی سرمایہ داروں کے خلاف ہے اس پر آج تک پیسے لینے کا الزام نہیں لگا، الطاف حسین سپریم کورٹ اور فوج کی توجہ اپنی کرتوتوں، بھتہ خوری و دیگر جرائم سے ہٹانے کے لئے الزام تراشی کر رہے ہےں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سہیل اختر ملک نے کہا کہ ولی خان کی سیاست کی سچائی اور دیانت کی گواہی اپنے ہی نہیں ساری دنیا دیتی ہے۔ الطاف حسین نے الزام تراشی کر کے چاند پر تھوکا ہے۔ ذوالفقار مرزا کے الزامات کا جواب نہیں دیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی، جس طرح قرآن کو عام کتاب سمجھ کر لہرایا گیا اگر ایسا ہر کوئی سمجھنا شروع کر دے تو مسلمانوں کا ایمان ختم ہو جائے۔ الطاف حسین نے مرزا کے ایک بھی الزام کا جواب نہیں دیا۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی نے الطاف حسین کے خطاب کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے سروپا الزامات لگانے کی بجائے جواب دیں کہ کراچی مےں بے گناہ پختونوں کے قتل عام کا ذمہ دار کون ہے، اے این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینٹر زاہد خان نے کہا کہ اے این پی اور اس کے قائدین پر لگائے جانے والے الزامات بے سروپا ہےں۔ اسلام آباد مےں نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ قوم نے تعجب سے سنا اور دیکھا کہ الطاف کس انداز مےں بات کر رہے ہےں ایسا دکھائی دیتا ہے وہ کسی دباﺅ مےں ہےں اور دل و دماغ ان کا ساتھ نہیں دے رہے۔ انہیں مرزا کے الزام کا جواب دینا چاہئے تھا۔ لاہور مےں جماعت اسلامی کے ترجمان نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے جماعت اسلامی پر لگائے گئے الزامات کو لغو، بے ہودہ اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جس طرح انہوں نے میڈیا کو یرغمال بنائے رکھا، نیوز چینلز نے 9بجے کے نیوز بلیٹن سے لے کر تمام ٹاک شوز اور اشتہارات کو معطل کر کے الطاف حسین کی بے سروپا پریس کانفرنس کو جس طرح لائیو دکھایا ہے، اسے کیا نام دیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے الطاف حسین کے الزام کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ 12مئی 2007ءکو کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نہیں تھے بلکہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ تھے۔ الطاف حسین نے جو الزامات لگائے وہ جھوٹے اور لغو ہےں۔